کراچی:
’’کھلاڑیوں کو کچھ نہیں ہوتا سلیکٹرز اور کوچز ہی فارغ ہوں گے‘‘ ٹیم ہڈل میں محمد رضوان کی ساتھیوں سے گفتگوحکام کو بْری لگ گئی، مخبری بھی ایک کرکٹر نے ہی سلیکٹرز سے کی،جائزہ اجلاس میں اس پر بات کی گئی، شاہین آفریدی پر میچ میں ہدایات پر عمل نہ کرنے کا الزام دھرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کیخلاف شکستوں کی وجہ سے پاکستان ٹیم کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہو گیا، بنگلہ دیش سے مقابلہ بارش کی نذر ہو گیا تھا، اس کے بعد سے تنقید کا طوفان جاری ہے.
ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں پی سی بی کی میٹنگ میں ایک سلیکٹر نے شرکا کو بتایا کہ بھارت سے میچ میں شکست پر جب کھلاڑی میدان میں اکھٹا ہوئے تو کپتان محمد رضوان نے ان سے کہا تھا مایوس نہ ہوں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، پلیئرز کو کچھ نہیں ہوتا کوچز وغیرہ ہی فارغ ہوں گے.
یہ بات ارباب اختیار کو پسند نہ آئی، دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’ٹیم ہڈل‘‘ میں گفتگو کی ایک کھلاڑی نے ہی سلیکٹرز کو مخبری کی تھی، چیئرمین محسن نقوی بھی جلد بازی میں اکھاڑ پچھاڑ کے حق میں نہیں تھے اس لیے سلیکٹرز و کوچز کی ملازمتیں بچ گئیں.
شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں ایک آفیشل نے شکایت کی کہ وہ میچ میں دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کرتے،ان کو یارکرز وغیرہ کرنے کا کہا جاتا ہے لیکن وہ اپنی چلاتے ہیں،انھیں اور حارث رؤف کو ون ڈے کرکٹ کیلیے کارآمد نہ سمجھتے ہوئے صرف ٹی 20 تک محدود رکھا گیا.
اگر اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو گذشتہ برس نومبر کے دورئہ آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز فتح میں دونوں سینئر پیسرز کا ہی اہم کردار تھا،پلیئر آف دی سیریز حارث نے 10 اور شاہین نے 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
اس کے بعد دورہ جنوبی افریقہ کی ون ڈے سیریز میں شاہین نے دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ 7 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا تھا، البتہ پیسرز کیلیے ناسازگار کنڈیشنز میں2 چیمپئنز ٹرافی میچز کے بعد ہی دونوں کو ون ڈے کا خراب بولر قرار دے کر باہر کر دیا گیا، حالانکہ نیوزی لینڈ کی پچز پر وہ کامیاب ثابت ہو سکتے تھے۔
اسی طرح بابر اعظم گذشتہ آئی سی سی ٹی20 ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہے لیکن اپنی قومی ٹیم میں جگہ نہ ملی، سلیکشن کمیٹی کے ان عجیب وغریب فیصلوں کو ہر جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بابر اور رضوان سست کھیلنے پر ڈراپ ہوئے لیکن نئے کپتان سلمان علی آغا نے 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 50 رنز 10 کی اوسط اور79 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔