وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس کے حوالے سے انسداد دہشت کی عدالت کے جج کی بے ضابطگیوں کے حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مکتوب ارسال کررہے ہیں۔
دوسری جانب مصطفیٰ عامر قتل کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کہ جب یہ لاپتہ ہوا میں نے اسی وقت نوٹس لیا، متعلقہ افسران کو کیس کے جلد سے جلد حل کے احکامات دیے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہ اکہ ڈی آئی جی سی آئی اے نے کیس کی تفتیش سے متعلق بریفنگ دی، کیس کی تفتیش و دیگر امور میں غفلت لاپروائی یا کوتاہی کے مرتکبین کے خلاف کاروائی کی جائیگی، کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: مصطفیٰ عامر قتل کیس: سفاک ملزم کا دوران تفتیش نوجوان کو زندہ جلانے کا اعتراف
انہوں نے کہا کہ اس کیس اور اسکی تفتیش پر گہری نظر ہے، تفتیش کے جملہ پہلوؤں کو انتہائی غیر جانبدار اور میرٹ کے مطابق آگے بڑھایا جائے، کیس کے حوالے سے افواہیں اور من گھڑت بیانیے زیر گردش ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کیس کے حوالے سے انسداد دہشت کی عدالت کے جج نے جو بے ضابطگیاں کی ہیں اس سلسلے میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مکتوب ارسال کررہے ہیں، افواہوں اور من گھڑت بیانیے پر پیکا ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائیگی۔