کراچی:
وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کی سڑکوں پر ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ کے مطابق، شہر میں صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ڈمپرز کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک ڈمپرز شہر میں داخل ہوسکیں گے۔
اس فیصلے کا مقصد شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس کو ہیوی ٹریفک کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو تین ماہ کے اندر اپنی آپریشنل سرگرمیاں رات کے اوقات میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ واٹر بورڈ کے تمام واٹر ٹینکرز کی انسپکشن ایک ماہ کے اندر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شہریوں کی جان کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر میں ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔