پشاور: وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں جلد طلبہ یونین بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
گورنمنٹ کالج پشاور میں سولرائزیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے بھر کے کالجوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ، ٹیکنالوجی اور نئے کورسز لا رہے ہیں، تمام کالجوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج کا طالب علم آج ہمارا وزیر تعلیم ہے، ملک قرضوں میں ڈوبا ہے، ہم اپنے فیصلے خود نہیں کر پا رہے، بانی پی ٹی آئی کے وژن پر طلبہ کو آگے آنا ہوگا، آگے بڑھنا ہے ناامید نہیں ہونا۔
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خوف کا بت توڑنے کا کہا ہے، حقیقی آزادی مانگنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی آج جیل میں ہیں، فیصلہ کن وقت قریب ہے، اس بار فیصلہ کن جنگ کے لئے نکلیں گے، اس دفعہ نکلیں گے تو گھر والوں کو کہیں انقلاب میں سب کچھ ممکن ہے۔
وزیر اعلی نے صوبے بھر میں طلبہ یونین بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وسائل محدود ہیں لیکن تعلیمی نظام میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔