اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اس موقع شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے مہمانوں کا خود استقبال کیا اور سب سے ہاتھ ملایا، اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کی شہباز شریف سے ملاقات اور مصافحہ ہوا جس کے بعد دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
عشائیے میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر جبکہ بھارت اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اغراض و مقاص کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
معزز مہمانوں نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پروزیراعظم کو مبارک باد دی۔