اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل سسٹمز فار موبائیل کمیونی کیشنز (جی ایس ایم اے) ایشیا پیپسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کے دوران پاکستان سے تعاون بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں وزیراعظم شبہاز شریف نے وفد سے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے اسلام آباد میں ڈیجیٹل نیشنل سمٹ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات میں جی ایس ایم اے انتہائی بنیادی اور اہم کردار ادا کر رہا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کے لیے لائحہ عمل پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی انٹرنیٹ تک بہتر رسائی، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل اسکلز کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اس مالی سال میں تاریخی ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے، ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے جی ایس ایم اے ایشیا پیسفک کے وفد کو بتایا کہ ہمارا ویژن ہے کہ ہر شخص کے پاس اسمارٹ فون، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو۔
جی ایس ایم اے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔