لاہور:
شاد باغ کے علاقے میں 19 سالہ نوجوان سلیم کے قتل کا معما حل ہو گیا، جس میں اس کے دوست ہی قاتل ثابت ہوئے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی ہدایت پر ایس پی سٹی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان منیب اور امیر حمزہ اپنے دوست سلیم کو گھر سے بی آر بی نہر میں نہانے کے بہانے لے گئے تھے، جہاں معمولی تلخ کلامی پر اسے گہرے پانی میں دھکیل دیا۔
بعد ازاں ملزمان کی نشاندہی پر سلیم کی لاش نہر سے برآمد کی گئی۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے سخت سزا دلوائی جائے گی۔ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
یاد رہے کہ مقتول سلیم کی والدہ نے اس کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔