کراچی: سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا ہے کہ ایک مضبوط انتظامیہ، آزاد عدلیہ، اور جمہوری پارلیمنٹ قومی ترقی کی بنیاد ہیں اپنے بیان میں عشرت العباد نے کہا کہ مضبوط ادارے ہماری قوم کی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم پر مکمل اتفاق رائے استحکام اور شفافیت کی ضمانت دیتا ہے حکومت کا آئینی ترامیم کا طریقہ کار متنازع ہو گیا ہے سابق گورنر کا کہنا تھا انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ دکھائی بھی دینا چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رہے۔
حکومت کو اپنی اخلاقی اور قانونی کمزوری کا ادراک کرنا چاہیے صرف اچھی حکمرانی سے عوام کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے حکومتی ناکامیاں ملک دشمن عناصر کو عوام اور فوج میں اختلاف پیدا کرنے کا موقع دیتی ہیں۔
اتحاد ہماری قوت ہے ہمیں اپنی فوج اور اداروں کو حکومتی ناکامیوں کا بے جا الزام نہیں دینا چاہیے ہماری فوج قومی سلامتی کی ضامن ہے ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں کا احترام کرنا چاہیے پاکستان کو عالمی مقابلے کے لیے حقیقت پسندانہ اور ترقی پسندانہ اصلاحات کی ضرورت ہے خود احتسابی کے بغیر اصلاحات میں حقیقی ترقی ممکن نہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ حکومت کو عوامی ریلیف کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ عوام مہنگی بجلی، لوڈ شیڈنگ اور جرائم سے پریشان ہیں آئی پی پی مالکان کے ساتھ پیش رفت ہو رہی ہے اور مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے میں نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے بات کی ہے خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اور خواتین پاکستان کی بنیاد ہیں ان کی قیادت ہمیں آگے بڑھائے گی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے سے نئی قیادت ابھرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “میری پہچان پاکستان” کا مقصد روشن خیالات کے ساتھ نئی قیادت کو دریافت کرنا ہے اور ایک نیا پلیٹ فارم تیاری کے آخری مراحل میں ہے جلد ہی تنظیم کا اعلان کیا جائے گا ’’میری پہچان پاکستان‘‘ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر مبنی ہے اور ہماری تہذیب کو بحال کرنے کا عزم رکھتی ہے تنظیم مکمل ہونے کے بعد میں جلد ہی پاکستان واپس آؤں گا۔