لاہور:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی فیک تصاویر شیئر کرنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے ہے اور ان کے موبائل سے شہباز گل اور عمران ریاض کا بھیجا گیا مواد برآمد ہوا ہے۔
لاہور میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے ایڈ یشنل ڈائریکٹر سرفراز چودھری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زوار حسین نے وزیراعلی مریم نوازشریف کی تصاویر شیئر کرنے کے معاملے پر تحقیقات کے حوالے سے پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور متحدہ عرب امارات کے صدر کی تصاویر شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے جوائنٹ ٹاسک فورس بنائی۔
ایف آئی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ سوشل میڈیاپلیٹ فارمز پر امریکا اور دیگر ممالک سے مواد شیئر کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ اس حوالے سے 8 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان مقدمات میں نامزد ملزمان میں سے اب تک 8 کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ملزمان کے موبائل فونز سے شہباز گل اور عمران ریاض خان کی پوسٹس برآمد ہوئیں اور یہ ملزمان ان ہی کی پوسٹس شیئر کررہے تھے۔
ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ملزمان اپنے کیے پر نادم ہیں، سوشل میڈیا پر ہماری اقداراور خواتین کی عزت کا خیال نہیں رکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیگر ممالک سے سرورز کی تفصیلات کے لیے لیٹر لکھے ہیں، اس میں جو بھی ملوث ہوا ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان ملزمان کو بیرون ملک سے پکڑ کر لائیں گے، ان ملزمان کا ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق ہے، ان کے پروفائل سے معلوم ہوا ہے کہ یہ پولیٹیکل موٹیویٹد ہیں۔
ایف آئی اے کی جوائنٹ ٹاسک فورس نے تین ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔