لاہور: پی سی بی نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان وائٹ بال ٹیم کے کپتان جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے، سلیکٹرز نے بڑی محنت کی، بابر اعظم نے خود کہا کہ بیٹنگ میں بہتری کے لئے وہ مزید کپتانی نہیں کرنا چاہتے، بابر اعظم پاکستان کا اثاثہ ہے، ایسے کھلاڑی بار بار نہیں آتے۔
دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ دورہ زمبابوے کیلئے انہیں آرام دیا جائے گا۔
زمبابوے کے دورے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے، پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے گی۔
اسی طرح دورۂ زمبابوے میں بھی 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔ محمد رضوان آسٹریلیا کے تمام میچز اور زمبابوے میں ون ڈے میچوں میں دستیاب ہوں گے۔