پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کو ٹاپ غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی پر فکر لاحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کو ترجیحی فہرست میں سب سے آخری نمبر پر رکھا ہوا ہے، کافی عرصے سے لیگ کے معاملات پر جمود طاری ہوچکا ہے تاہم اب سلمان نصیر کے سربراہ بننے سے فرنچائزز کچھ بہتری کی آس لگا چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مالکان نے گزشتہ دنوں ایک مشترکہ خط کے ذریعے سلمان نصیر کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کی، ان سے کہا گیا کہ تمام فرنچائزز ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، انھیں غور طلب معاملات کا بھی یاد دلایا گیا، سلمان نصیر سے کہا گیا کہ انگلینڈ و دیگر کرکٹ بورڈز سے پلیئرز کی دستیابی کے حوالے سے بات کریں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن آئی پی ایل سے متصادم ہوگا
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے گزشتہ دنوں اپنے ڈومیسٹک سیزن میں آئی پی ایل کے سوا دیگر لیگز میں پلیئرز کو شرکت کی اجازت نہ دینے کا عندیہ دیا تھا۔
آئی پی ایل کی آکشن آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہونا ہے، کھلاڑیوں کی فہرست بھی سامنے آ چکی۔ بورڈ سے کہا گیا ہے کہ وہ پی ایس ایل ڈرافٹ کے حوالے سے بھی کام کرے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل پلیئرز سے براہ راست معاہدوں کی تجویز مسترد
پی ایس ایل کا دسویں اور 11 ویں ایڈیشن کی تاریخیں فائنل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کے باعث دسویں ایڈیشن کا آئی پی ایل سے ٹکراؤ ہوگا۔
اس دوران فرنچائزز نے پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا وعدہ بھی یاد دلایا، ٹیموں کی ایولویشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔