PESHAWAR:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں رویہ ٹھیک نہیں کیا گیا تو پھر شدید ردعمل کیلیے سب کو تیار رہنا ہوگا۔
اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے علم ہوا ہے کہ عمران خان کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں رکھا گیا، عمران خان کو کھانا صحیح نہیں دیا جارہا اور نہ ایکسرسائز کرنے دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دے رہا ہوں اگر عمران خان کے ساتھ رویہ ٹھیک نہ رکھا گیا تو ردعمل کے لیے تیار رہیں، جیل کے اندر حقوق نہیں دیے گئے کھانا صحیح نہ دیا گیا تو ردعمل بہت جلد آئے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے دن گن رہے ہیں جلد احتجاج کی کال دوں گا، پوری قوم سے مخاطب ہوں اور بتاتا ہوں کہ اب ہم نے پورے پاکستان کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وارننگ دے رہا ہوں حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، ہماری تحریک پرامن رہی ہے حکمران چاہتے ہیں ان کے ساتھ رویہ رکھیں جو وہ حق رکھتے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جن لوگوں نے غداری، بزدلی، بے غیرتی کی ہے ان کی پارٹی کے لیے کوئی جگہ نہیں، جو لوگ پیسے لیکر بکے یا بزدلی سے پارٹی سے بھاگے وہ غدار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب یہ پارٹی بہادر لوگوں نظریے کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کی ہے۔