واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو پر عائد ٹیرف کو ختم کرتے ہوئے درآمدی محصولات سے مستثنیٰ مال کی فہرست کو نمایاں طور پر بڑھانے کے احکام پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ دوسرا موقع ہے جب ٹرمپ نے دو دنوں میں امریکا کے دو بڑے تجارتی شراکت داروں سے درآمدات پر عائد محصولات میں کمی کی ہے، گزشتہ روز ان اقدامات نے کاروباری حلقوں میں بے یقینی پیدا کی اور مالی منڈیوں کو پریشان کیا۔
صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک پر عائد ٹیرف کو 2 اپریل تک مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ 2 اپریل امریکی تاریخ کا اہم ترین دن ہو گا۔
بدھ کے روز ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ کار ساز کمپنیوں کو 25 فیصد کی درآمدی ٹیکس سے عارضی طور پر مستثنیٰ کریں گے، یہ اقدام صرف ایک دن بعد کیا گیا جب ان ٹیکسوں کا نفاذ شروع ہوا۔
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شیئنباؤم نے اس فیصلے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ کینیڈا کے وزیر خزانہ نے کہا کہ کینیڈا اس کے جواب میں امریکا کی مصنوعات پر متوقع دوسرے مرحلے کی جوابی محصولات کو مؤخر کرے گا۔
ٹروڈو نے صحافیوں کو بتایا کہ دو اتحادیوں کے درمیان تجارتی جنگ کا امکان مستقبل قریب میں برقرار رہنے کا امکان ہے، حالانکہ کچھ ہدفی رعایتیں دی گئی ہیں۔ ہمارا مقصد تمام محصولات کو ختم کرنا ہے۔
کینیڈا نے پہلے ہی 21 ارب امریکی ڈالر مالیت کے امریکی سامان پر جوابی محصولات عائد کر دی ہیں۔
تجارتی جنگ کے دباؤ نے عالمی منڈیوں میں ہلچل مچادی ہے اور اقتصادی عدم استحکام کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
گزشتہ روز دوپہر میں امریکی اسٹاک مارکیٹس میں کمی آئی اور ایس اینڈ پی 500، جو 500 بڑی امریکی کمپنیوں کو ٹریک کرتا ہے، نے تقریبا 1.8% کی کمی کے ساتھ کاروبار ختم کیا۔