اسلام آباد:
صدر مملکت نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 کی منظوری دے دی جس کے بعد حکومت نے رواں مالی سال کیلیے بینکوں پر عائد ٹیکس کی شرح میں اضافہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال2024-25 کے لیے بینکوں پر عائد ٹیکس کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے تاہم نجی شعبے کو قرضے دینے کے لیے مقرر کردہ اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں وصول کیا جانےوالا اضافی ٹیکس ختم کر دیا ہے۔
صدر پاکستان نے انکم ٹیکس (ترمیمی) آرڈیننس 2024 جاری کردیا، آرڈیننس کے تحت مالی سال 2025 کے لیے بینکوں پر ٹیکس کی شرح 39 فیصد سے بڑھا کر 44 فیصد کر دی گئی ہے یہ شرح مالی سال 2026 میں 43 فیصد اور 2027 سے 42 فیصد ہوگی۔
ایڈوانس ٹو ڈپازٹ تناسب پر اضافی ٹیکس کو مالی سال 2024 کے لیے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا اور یہ 2025 میں دوبارہ نافذ ہونا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختلف درخواستوں پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے اس ٹیکس کی وصولی روک دی تھی۔