اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے اعتبار سے سال 2024 میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔
سال 2024 کے آغازپر ملک بھر میں شہری مہنگا ترین آٹے خریدنے پر مجبور تھے لیکن سال کے اختتام تک آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ 45 روپے فی کلوگرام کی کمی ہوئی۔ دال ماش، دال مسور، بیسن، چینی اور چاول کی قیمتوں میں بھی سال بھر میں بتدریج کمی کا رححان دیکھا گیا۔
رواں سال کے آخر تک دال مونگ، کالا چنا، گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق سال 2024 کے آغاز میں شہری مہنگا ترین آٹا خریدنا پڑا، سال کے آغاز میں ڈھائی نمبر آٹا 128روپے فی کلو، فائن آٹا 142روپے اور چکی کا آٹا 150روپے فی کلوگرام کی بلند ترین قیمتوں میں دستیاب تھا۔ دسمبر 2024 میں ڈھائی نمبر آٹا 45روپے کمی سے 83 روپے، فائن آٹا 48روپے کمی سے 94روپے کلوگرام جبکہ چکی کا آٹا 45روپے فی کلوگرام کی کمی سے 105 روپے کلو پر آگیا۔
ایسوسی ایشن کے چئیرمین روف ابراہیم کے مطابق سال 2024 میں گھی اور تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو گئیں۔ فی کلوگرام/لیٹر کھلے تیل، برانڈڈ تیل اور گھی کی قیمتوں میں 100روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ہول سیل مارکیٹ میں کھلا تیل 114روپے اضافے سے 480 روپے اور برانڈڈ تیل کی قیمت 125روپے اضافے سے 550 روپے کلوگرام ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری کے مقابلے میں دسمبر میں فی کلوگرام دال ماش کی قیمت 70روپے کلو کمی سے 390 روپے اور دال مسور کی قیمت 50 روپے کمی کے بعد 250 روپے میں دستیاب ہے۔
فی کلوگرام بیسن کی قیمت 95 روپے کی بڑی کمی سے 240 روپے ہوگئی۔ دال مونگ اور دال چنا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت 75 روپے اضافے سے 380 روپے جبکہ دال چنا کی قیمت 85 روپے کے اضافے سے 320 روپے کلو ہوگئی۔ سال 2024 کے دوران ملک بھر میں چاول اور چینی کے قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
جنوری 2024بمیں چینی 133 روپے کلو پر تھی جو دسمبر میں 127 روپے کلو پر موجود ہے۔ چاولوں کے مختلف برانڈزکی قیمت میں کمی کا سلسلہ دیکھا گیا۔ فی کلوگرام چاول باستمی کی قیمت 386روپے رہی اور چاول باسمتی ٹوٹا کی قیمتوں میں کمی نے عوام کو کسی حد تک ریلیف پہنچایا۔