رحیم یار خان: پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کا کچہ ماچھکہ کے علاقے موضع سکندر چاچڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اور ساجن ملوکانی کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کر دی فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے ہلاک ہونے والے ڈاکو دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے کلاشنکوف سمیت سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا مقابلے کے دوران ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد کی فصل میں فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن میں ایس ایچ او ماچھکہ جام اعجاز ،ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ ،انچارج سی آئی اے سیف اللہ ملہی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، نائٹ ویژن ٹیلی سکوپس اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو شاباش دی انہوں نے کہا کہ کچہ کریمنلز کے خلاف پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس ایریا کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔