اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مسائل کا حل ضروری گردانتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر سے مشاورت کے بغیر کوئی پالیسی نہیں بنائے گی۔
وزارت خزانہ میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما)کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جہاں ٹیکس، توانائی اور فنانسنگ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپٹما کے وفد سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ٹیکسٹائل صنعت ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مسائل کا حل ضروری ہے۔
ملاقات میں اپٹما نے ٹیکس، توانائی اور فنانسنگ کے مسائل پر پریزنٹیشن دی اور اپٹما نے زیر التوا ریفنڈز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل کو بجٹ میں مدنظر رکھے گی اور مشاورت کے بغیر کوئی پالیسی نہیں بنائی جائے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مسائل کا حل ضروری ہے، ٹیکسٹائل صنعت ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔