نوجوان بیٹر حسن نواز نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار سنچری اسکور کی جس پر ٹیم سے باہر موجود کرکٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کے روز پاکستان نے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے 205 رنز کا ہدف دیا، جسے گرین شرٹس نے حسن نواز کی شاندار سنچری کی بدولت صرف 16 اوورز میں مکمل کر لیا۔
اوپنر محمد حارث نے 41 رنز بنائے جبکہ حسن نواز نے 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی۔ کپتان سلمان علی آغا نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 31 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ حسن نواز نے بابر اعظم کا پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا۔
22 سالہ حسن نواز کی اس شاندار کارکردگی پر ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے انسٹاگرام اسٹوری پر حسن نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ حسن اور پاکستان ٹیم نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔
اس کے علاوہ، بابر اعظم نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر حسن نواز اور محمد حارث کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ “تم پر فخر ہے”۔
واضح رہے کہ محمد رضوان کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر سلمان علی آغا کو کپتان بنایا گیا ہے جبکہ بابر اعظم کو بھی کیویز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کے خلاف 1-2 کی برتری حاصل ہے۔