ممبئی: عالیہ بھٹ کی نئی فلم ‘جِگرا’ اپنے ریلیز کے ایک ہفتے بعد ہی ان کے کیریئر کی سب سے بڑی باکس آفس ناکامی بننے کے قریب ہے۔
11 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے صرف 2.7 ملین ڈالر کی کمائی کی ہے، جس میں تنازعات اور منفی عوامی رائے نے اس کی کارکردگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
ڈائریکٹر واسن بالا کی یہ فلم بھائی بہن کے رشتے کی کہانی پر مبنی ہے اور اس میں ویڈانگ رائنا جیسے باصلاحیت اداکار بھی شامل ہیں، لیکن توقعات کے باوجود فلم عوام کو متوجہ کرنے میں ناکام رہی۔ دسہرہ کی چھٹی کے باوجود فلم نے باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔
فلم نے پہلے دن صرف 550,000 ڈالر کی کمائی کی، اور پہلے ویک اینڈ پر یہ کمائی بڑھ کر 2 ملین ڈالر تک پہنچی، مگر اس کے بعد روزانہ کی آمدنی 240,000 ڈالر سے بھی کم رہی۔ دوسرے جمعہ کو فلم نے صرف 150,000 ڈالر کمائے، جو شائقین کی دلچسپی میں مسلسل کمی کا اشارہ دیتا ہے۔
ٹریڈ ماہر سمت کاڈیل کا کہنا ہے کہ ‘جِگرا’ اپنے تھیٹرز میں چلنے کے اختتام تک 3.4 ملین ڈالر کی مجموعی کمائی کر سکتی ہے، جس سے یہ عالیہ بھٹ کی سب سے کم کمائی کرنے والی فلم بن جائے گی۔
عالیہ بھٹ کی اب تک کی سب سے کم کمائی کرنے والی فلم ‘ہائی وے’ (2014) تھی، جس نے 3.7 ملین ڈالر کمائے تھے، لیکن ‘جِگرا’ کے موجودہ رجحانات کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ یہ اس ریکارڈ کو توڑ دے گی۔