لاہور: جنوبی افریقہ جانے کے لیے گھر سے نکلنے والی 3 بچیوں کو ریلوے پولیس نے ورثا کے حوالے کردیا۔
ترجمان ریلویز پولیس کے مطابق ڈی جی خان کی رہائشی 14 سالہ عافیہ، علیشا اور ایمن آپس میں کزن ہیں۔ نابالغ بچیاں پہلے لاہور سے کراچی اور پھر جنوبی افریقہ جانا چاہتی تھیں۔ تینوں بچیاں بس کے ذریعے ڈی جی خان سے ریلوے اسٹیشن لاہور پہنچی تھیں ۔
لاہور ریلوے اسٹیشن کے مین پورچ میں ڈیوٹی کانسٹیبل شاہ نواز نے بچیوں کو لا وارث پا کر حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ بچیوں نے انکشاف کیا کہ وہ بہتر مستقبل کی خاطر گھر سے نکلی ہیں۔ بچیوں کے ورثا نے ڈی جی خان کے تھانہ کوٹ مبارک میں اغوا کی ایف آئی آر درج کروا رکھی تھی۔ ریلوے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے بچیوں کو انسانی اسمگلرز کے ہتھے چڑھنے سے بچا لیا۔ ورثا نے ریلویز پولیس کا شکریہ ادا کیا جن کی بروقت کارروائی کی بدولت بچیوں کو بحفاظت ان کے گھر والوں کے حوالے کردیا گیا۔