اسلام آباد / لاہور: وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصور علی شاہ کو چیف جسٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا۔
وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفیکیشن جعلی ہے جس میں صدر مملکت کی جانب سے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصور علی شاہ کو 26 اکتوبر2024 سے چیف جسٹس مقرر کرنے کا ذکر کیا گیا۔
بیان کے مطابق وزارت قانون و انصاف نے اس طرح کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا،ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلیے دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی، درخواست کسی دوسرے بنچ کے روبرو سماعت کیلیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔