آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے تقریباً 30 سالہ رفاقت کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے وکیل وندنا شاہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشترکہ اور باہمی رضامندی پر مبنی فیصلہ ہے، تاہم طلاق ابھی تک حتمی نہیں ہوئی ہے۔
وندنا شاہ نے کہا: “یہ ایک دردناک فیصلہ ہے، لیکن دونوں نے مل کر لیا ہے۔ ہر شادی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں اور یہ ان کے تعلقات پر جذباتی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ فیملی کی پرائیویسی کا احترام ضروری ہے۔”
رحمان نے اس خبر کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ X (پہلے ٹویٹر) پر کی، جہاں انہوں نے لکھا: “ہم نے امید کی تھی کہ اپنی شادی کے 30 سال کا جشن منائیں گے، لیکن زندگی کے منصوبے کچھ اور تھے۔ یہ ایک دل دہلا دینے والا لمحہ ہے، لیکن ہم اس میں معنی تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
موسیقی کی دنیا میں رحمان کا نام ایک روشن ستارہ ہے۔ حال ہی میں انہیں آئی آئی ٹی مدراس کی جانب سے ‘XTIC ایوارڈ 2024’ سے نوازا گیا۔ ان کی مشہور فلموں میں روجا، بمبئی، دل سے، لگان، اور راک اسٹار شامل ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر سلم ڈاگ ملینئر کے لیے انہیں دو آسکر ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔