ایشین کپ کوالیفائرز، پاکستانی فٹبال ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی

ایشین کپ کوالیفائرز، پاکستانی فٹبال ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی



لاہور:

عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کی طرف سے معطلی ختم ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کو خوشخبری مل گئی، ٹیم رواں ماہ سعودی عرب میں شیڈول اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز کے دوران ایکشن میں نظر آئے گی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ ٹیم اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز میں حصہ لینے کیلیے سعودی عرب کا سفر کرے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر معطلی رواں سال 5 فروری کو اس وقت لگائی تھی جب پی ایف ایف کانگریس ممبران مقررہ معیار کے مطابق آئین میں ترامیم کرنے میں ناکام رہے تھے۔

3 روز قبل لاہور میں منعقدہ پی ایف ایف کانگریس میں ممبران کے درمیان اتفاق رائے کے بعد ضروری آئینی ترامیم منظور کر لی گئیں۔

ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ فیفا نے انھیں باضابطہ طور پر معطلی ختم کرنے سے آگاہ کیا ہے، جس کے بعد پاکستان فٹبال کی عالمی سطح پر بحالی کا عمل شروع ہو گیا۔

قومی ٹیم کی صلاحیتوں کا پہلا امتحان اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز سے ہوگا، ایشیائی ایونٹ کے کوالیفائر ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، گروپ ای میں پاکستان سمیت شام، افغانستان اور میانمار کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 پاکستان اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائنگ مہم کا آغاز 25 مارچ کو شام کے خلاف میچ سے کرے گا، یہ میچ الاحساء  سعودی عرب میں کھیلا جائے گا ۔





Source link