title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کا وقت آ گیا – 092 News

اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کا وقت آ گیا

اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کا وقت آ گیا



لاہور/
کراچی:

اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کا وقت قریب آگیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہوگیا،انکلوژرز میں کرسیوں کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا، تماشائیوں کو گرائونڈ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے خندق تیار ہوچکی، ٹاورز پر جدید لائٹس لگائی جانے لگیں،جنوری کے آخر تک اپ گریڈیشن کا تمام تر کام مکمل ہوجائے گا۔ دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم میں5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر تیار کرلیا گیا، مختلف فلورز پرفنشنگ کا کام باقی ہے، گرائونڈ میں جنگلہ ہٹانے کا مرحلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فروری، مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، اس سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے میزبان وینیوز کی تزئین و آرائش جاری ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہوگیا، تماشائیوں کے بیٹھنے کیلیے عمران خان، فضل محمود، جاوید میانداد،کاردار، ظہیر عباس، سرفراز نواز اور راجہ انکلوژرز میں سلیبز رکھ دی گئی ہیں ، اب ان پر کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی شروع کردیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق37 ہزار سے زیادہ فلوڈنگ کرسیاں منگوائی گئی ہیں، سبز اور سفید رنگ کی زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی تاکہ ایریل ویو میں قومی پرچم کا رنگ نمایاں ہو، اس کے ساتھ سرخ، نارنجی اور اورنج کلر کی کرسیاں بھی لگائی جائیں گی، پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے دفاتر کی بلڈنگ پر پلستر کا کام مکمل ہونے کے بعد اب فرنٹ پر نقشے کے مطابق مختلف فریمز لگ رہے ہیں، اگلے 15 روز میں شیشے کا کام بھی مکمل ہونے کا قومی امکان ہے۔ 

پلیئرز بلڈنگ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کے ساتھ بجلی اور ٹائٹلز ورک پر فوکس کیا گیا ہے، فار اینڈ بلڈنگ کی طرز پر پلیئرز بلڈنگ کے سامنے بھی 2 نئے انکلوژرز بنائے جارہے ہیں تاکہ وہاں بھی شائقین بیٹھ کر بہتر ویو کے ساتھ میچز سے لطف اندوز ہوسکیں، بلڈنگز کے ساتھ انکلوژرز میں پینٹ کا کام بھی چل رہا ہے، تماشائیوں کو گرائونڈ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے خندق تیار ہوچکی، اب اس کے سامنے تین فٹ کی رکاوٹی باڑ لگائی جارہی ہے تاہم اس سے تماشائیوں کے ویو میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گا۔ 

لاہور میں موسم کی شدت کے باوجود تین شفٹوں میں مزدور کام کررہے ہیں تاکہ جنوری کے آخر تک اپ گریڈیشن کا تمام تر کام مکمل ہوجائے۔

گرائونڈ اسٹاف پچز کو محفوظ کرنے کے ساتھ کھاد ڈال کر گرائونڈ کی گھاس کو تروتازہ رکھنے کے جتن کررہا ہے، ارد گرد بارش کے پانی کی نکاسی کیلیے کام بھی کافی حد تک مکمل کرلیا گیا،اسٹیڈیم کے ٹاورز پر جدید لائٹس لگانے کا کام بھی شروع ہوچکا، گرائونڈ میں لوہے سے تیار کردہ اسکرین کا فریم لگا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کی جزوی تعمیرنواور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات جاری ہیں، 5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر تو تیار کرلیا گیا تاہم مختلف فلورز پرفنشنگ کا کام باقی ہے، گرائونڈ میں جنگلہ ہٹانے کا مرحلہ شروع ہوگیا،گرائونڈ فلور پرآئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ ، اینٹی ڈوپنگ اورمیچ آفیشلز کے کمرے بنائے جانے ہیں۔ 

پہلی منزل پر2 ڈریسنگ رومز کی تعمیر ہوگی، دوسری اور تیسری منزل پر ہاسپٹیلٹی باکسز بنائے جائیں گے،چوتھی منزل پر میڈیا سینٹر کی تعمیر ہونی ہے،پہلے فیز میں ہٹائے جانے والے اسکور بورڈ کی جگہ نئے ڈیجیٹل اسکور اسکرینز کی تنصیب ہوگی ، جدید طرزکی ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جانی ہیں، بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے جنوری میں بھی تعمیراتی کام جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے،بعدازاں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں دیگر کام ہوگا۔

واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں کراچی 3 میچزکی میزبانی کرے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کے سبب 2 جنوری سے شروع ہونے والا قائد اعظم ٹرافی کا فائنل بھی یوبی ایل گرائونڈ منتقل کردیا گیا، ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریزمیں 17 سے 21 جنوری تک پہلا ٹیسٹ بھی کراچی سے ملتان منتقل کیا جا چکا، البتہ پاکستان، نیوزی لینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان سہ قومی ون ڈے سیریز میں 12 فروری کو ہونے والا تیسرا میچ اور 14 تاریخ کو شیڈول فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس کا مقصد چیمپئنزٹرافی کے لیے تیاریوں کا حتمی اورعملی جائزہ لینا ہوگا۔
 





Source link