تل ابیب: غزہ میں اقوام متحدہ کے خوراک کے عالمی پروگرام کے ادارے کے امدادی اشیا سے لدے ٹرک پر اسرائیلی فوج نے گولیاں برسا دیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کے بعد اقوام متحدہ کے خوراک کے عالمی پروگرام کے ادارے نے غزہ میں امدادی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
خوراک کی تقسیم کی بندش کی وجہ سے بھوکے اور پیاسے فلسطینی پناہ گزینوں کی زندگیاں مزید اجیرن ہوگئیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ٹرک کو غلط فہمی کی بنا پر نشانہ بنایا گیا جس کی معذرت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اسرائیلی فوج نے امدادی ادارے کو نشانہ بنایا ہو اس سے قبل بھی 4 سے زائد بار غزہ اور مغربی کنارے میں خوراک کی تقسیم کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے خوراک لینے کے لیے قطار میں کھڑے لاچار اور بے بس فلسطینیوں پر گولیاں برسائی تھیں اور ان واقعات میں مجموعی طور پر 10 سے زائد افراد شہید ہوگئے تھے۔