کراچی:
فروری 2025 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کے لیے تین نامزدگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، بھارت کے شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس شامل ہیں، اسکورنگ کے مختلف طریقوں کے ساتھ تین بیٹرز اس مہینے کے دوران اپنے ممالک کے لیے رنز بنانے والوں میں شامل تھے۔
اسٹیو اسمتھ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دو میچز میں 136.00 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 141 اور 131 رنز بنائے۔ ان کوششوں کے اعتراف میں انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایک روزہ سیریز میں انہوں نے 12 اور 29 رنز بنائے۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اسمتھ کا آخری بین الاقوامی ٹورنامنٹ رہا، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پانچ اور پھر افغانستان کے خلاف ناٹ آؤٹ 19 رنز بنائے جبکہ بھارت کے خلاف 73 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت کے شبمن گل نے اس مہینے کے دوران اپنے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں 94.19 کے اسٹرائیک ریٹ سے 101.50 کی اوسط سے 406 رنز بنائے۔ اس میں انگلینڈ کے خلاف ان کی تین میچز کی سیریز میں تین شاندار اننگز شامل ہیں۔ ناگپور میں 87، کٹک میں 60 اور احمد آباد میں 112 رنز بنائے، وہ پلیئر آف دی سیریز تھے کیونکہ بھارت نے انگلینڈ کو 3-0 سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں؛ نعمان علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد
چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی پہلی اننگز بنگلا دیش کے خلاف ناقابل شکست 101 رنز تھی، اس کے بعد پاکستان کے خلاف قیمتی 46 رنز بنائے۔
فیلڈ میں ہمیشہ نمایاں گلین فلپس نے بلیک کیپس کے لیے پانچ ون ڈے میچز میں 124.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 236 رنز بنائے، ان کی شراکت اور تین ناقابل شکست اننگز نے نیوزی لینڈ کو پاکستان میں سہ فریقی سیریز جیتنے میں مدد کی۔ انہوں نے لاہور میں پاکستان کے خلاف 106، اسی مقام پر جنوبی افریقا کے خلاف 28 اور پھر فائنل میں کراچی میں پاکستان کے خلاف 20 رنز بنائے۔
فلپس نے چیمپیئنز ٹرافی میں اس رفتار کو آگے بڑھایا، جس کا آغاز کراچی میں میزبان پاکستان کے خلاف 61 رنز سے ہوا، پھر راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔