حکومت وینٹی لیٹر پر، آن اینڈ آف کا سوئچ ہمارے ہاتھ میں ہے: فواد چودھری
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں عبرتناک شکست نے 13 جماعتی اتحاد کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بری طرح مجروح کیا ہے، پنجاب کے انجام کے بعد عام انتخابات کا سوچ کر ہی کٹھ پتلیوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تو فیصلہ عمران خان کریں گے، حکومت وینٹی لیٹر پر ہے، آن اینڈ آف کا سوئچ ہمارے ہاتھ میں ہے۔
حکومتی اتحادیوں کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے ردعمل دیا اور کہا کہ پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ مرکزی حکومت تو پہلے ہی سے وینٹیلیٹر پر ہے، یہ طے کرنا انکے بس میں ہی نہیں کہ انہوں نے کتنی دیر رہنا ہے، یہ فیصلہ ہم ہی نے کرنا ہے مگر ابھی ان کو موقع دے رہے ہیں کہ کچھ عقل کا فیصلہ کرلیں، سازش سے اقتدار ہتھیانے والے ملکی بقاء و مستقبل کی قیمت پر حکومت پر قابض رہنا چاہتے ہیں، عوام نے دوٹوک انداز میں فیصلہ سنایا ہے کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، فوری صاف شفاف انتخابات چیئرمین عمران خان کے بیانیے کا کلیدی جزو ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنگین ترین سیاسی عدمِ استحکام اور روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ ہر صاحبِ شعور پاکستانی کیلئے باعثِ تشویش ہے، ملک و قوم کو عوام کے مسترد شدہ کرپٹ گروہ کی ضد کی بھینٹ نہیں چڑھایا جاسکتا، ایک بھگوڑے اور اسکے کرپٹ حواریوں کی مرضی سے نہیں 22 کروڑ عوام کے مفاد کے مطابق فیصلہ سازی وقت کی ضرورت ہے، جب بھی انتخاب میں جائیں گے، انجام اس سے بھی عبرتناک ہوگا، الیکشن کمیشن پر اپنی مرضی کے فیصلوں کیلئے دباؤ ان کے کسی کام نہیں آئے گا، چپڑاسیوں اور فالودے والوں کی فوج کھڑی کرنے والوں کو فنڈنگ کیس کا فیصلہ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شریفوں کو اعزاز حاصل ہے کہ جماعتی اکاؤنٹ منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں،”لوہے کے کھوکھلے“ چنوں سے بھڑھکیں مروانے کی بجائے عقل سے کام لیں اور رخصتی کی تیاری کریں، جو قوم اب تک مشرف کا این آر او نہیں بھولی وہ این آر او ٹو بھی نہیں بھلائے گی، مزید ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تو فیصلہ عمران خان کریں گے، انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرکے پاکستان کو بحران سے نکلنے کا موقع فراہم کیا جائے۔