اردو فلموں کی مقبول عام اور نٹ کھٹ شرارتی اداکارہ بابرہ شریف اورپی ٹی آئی کے چئیرمن اور مستقبل کے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے بھی ایک سکینڈل بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس میں کتنی صداقت تھی اس پر طرفین نے کبھی کوئی تبصرہ نہیں کیاتھا ۔البتہ یہ مشہور تھا کہ جوانی میں بطور کرکٹربابرہ شریف عمران خان کوپسند کرتی تھیں۔ایک بار اپنے دور کے عظیم فنکار معین اختر نے بابرہ شریف اور عمران خان کا پی ٹی وی پر پہلا انٹرویو کیا جس میں بابرہ شریف کے جملے سن کر عمران خان شرماتے رہ گئے تھے ۔جبکہ بابرہ شریف انتہائی معصومیت سے ایسے ذومعنی جملے کستیں کہ معین اختر بھی جھینپ کررہ جاتے تھے ۔انٹرویو کے دوران سکرین پر بیٹھے لوگوں نے عمران خان کے شرمیلے پن کو اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہ کیسے بابرہ شریف کے پہلو میں بیٹھ کرحیا سے دہرے ہوئے جارہے تھے ۔
ایک موقع پر جب معین اختر نے شاعرانہ رمزیہ انداز میں بابرہ شریف سے انکی شادی کے بارے سوال کیا تو بابرہ شریف نے خاموشی سے بیٹھے عمران خان سے پوچھا ”کیا آپ سے بھی یہ سوال پوچھا ہے انہوں نے “عمران خان چونکے ،پہلے کچھ نہ سمجھے لیکن پھر سمجھ کر بولے ” مجھے تو اس کنورسیشن سے باہر ہی رکھیں بھائی مجھے اچھا نہیں لگتا ۔“ اس پر بابرہ شریف ہنس کر رہ گئیں۔معین اختر پاکستان انڈسٹری کے واحد فنکار تھے جن سے عمران خان بھی بہت پیار کرتے تھے اور دونوں میں بے تکلفی بھی تھی۔معین اختر نے کئی باراس بات کا ذکر کیا تھا کہ عمران خان عورتوں سے بہت شرماتے ہیں ۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ عمران خان کی مردانہ وجاہت کی دلکشی نے بہت سی خواتین کو اپنا گرویدہ بنایا لیکن دوسری جانب عمران خان کو خواتین سے ملاقات کے دوران شرماتے ہوئے یوں بھی دیکھا گیا کہ کوئی اس بات پر یقین کرنے پر تیار نہیں ہوتا کہ وہ خواتین سے بے تکلفانہ تعلقات بنانے پر یقین رکھتے تھے ۔