|

پاکستان سپرلیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کامیاب

دبئی(نمائندہ خصوصی) پاکستان سپرلیگ سیزن تھری کے اتوار کو کھیلے گئے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطان کو 5وکٹوں اور ساتویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو بھی 5وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی اپنے اپنے نام کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے اپنی فتوحات کا سو فیصد ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے پشاور زلمی کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ کراچی نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ دفاعی چیمپین کو تین میچوں میں دوسری شکست ہوئی ہے۔کپتان عماد وسیم نے محمد اصغر کےآخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا مارکر کراچی کو فتح دلوادی۔ فاسٹ بولرمحمد عامر سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے میچ میں دو اوورز کراسکے۔اتوار کو دبئی اسٹیڈیم میں کراچی نے جیت کے لئے درکار132رنز چار وکٹ کے نقصان پربنالئے۔آخری اوور میں محمد رضوان19رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ روی بھوپارا17رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سےآؤٹ ہونے والے بیٹسمین خرم منظورتھے جنہوں نے کرس جارڈن کی گیند پر اپر کٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم تھرڈ مین کی پوزیشن پر ابتسام شیخ نے شاندار کیچ لےکر انہیں پویلین روانہ کردیا۔ بابر اعظم 28رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ ڈینلے کی گری۔ انہوں نے29رنز بنائے۔کولن انگرم کا نا قابل یقین کیچ محمد حفیظ نے ابتسام کی گیند پر لیا۔ انہوں نے 23رنز 14گیندوں پر بنائے۔ قبل ازیں ڈیوائن اسمتھ کی ذمے دارانہ اور جارحانہ اننگز کی بدولت پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں9وکٹ پر131رنز بنائے۔ اسمتھ کی غلطی کی وجہ سے کپتان ڈیر ن سیمی سمیت دو بیٹسمین رن آوٹ ہوئے۔ ڈیوائن اسمتھ نے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے71رنز بنائے۔ انہوں نے 51گیندیں کھیلیں۔ پشاور نے آخری دو وکٹ پر62رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی 8 وکٹیں 79 رنز پر گرگئی تھیں تاہم اس موقع پر ڈوئن اسمتھ نے اکیلے ہی زلمی کو مکمل تباہی سے بچاتے ہوئے قابل دفاع ہدف دے دیا۔ آخری چار اوورز میں زلمی 48 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ زلمی کی جانب سے آؤٹ ہونے والے بلے باز کامران اکمل تھے جو 14 رنز بناکر محمد عامر کی ان سوئنگ کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔محمد عامر نےتمیم اقبال کی بھی وکٹ حاصل کی جو 11 رنز بناکر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو شاہد آفریدی کی گیند پر کپتان عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔حارث سہیل بھی اسکور بورڈ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور محمد عرفان جونیئر کی گیند پر ملز کو تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔ابتسام شیخ کو پچھلے میچ میں اچھی بولنگ کا صلہ ملا اور انہیں پانچویں نمبر پر بھیجا گیا تاہم وہ 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے اور پویلین لوٹ گئے۔کپتان ڈیرن سیمی اور اسمتھ کے درمیان رابطہ کے فقدان کے باعث سیمی رن آؤٹ ہوگئے۔محمد عامر نے دو اوورز میں چھ رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔شاہد آفریدی نے22رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئےاس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں  یو اے ای حکومت نے صحرا سے درجنوں مردہ بلیاں ملنے کی تحقیقات شروع کردیں

Similar Posts

Leave a Reply