|

مسلم لیگ (ن) کا میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان

کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 236 یونین کمیٹیوں میں سے 8 پر کامیابی حاصل کرنے والی مسلم لیگ (ن) نے میئر کراچی کے لیے انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر محنت سعید غنی کی زیرقیادت پیپلزپارٹی کے وفد نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے بعد اس پیش رفت کا اعلان کیا گیا۔

وفد میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور نجمی عالم شامل تھے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مرکز کی طرح دونوں جماعتیں سندھ میں اتحادی جماعتوں کے طور پر مل کر کام کریں گی اور نہ صرف آنے والے میئر کے انتخاب کے لیے بلکہ صوبے میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات اور اگلے عام انتخابات کے لیے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔

مزید پڑھیں  جب اور جہاں ضرورت پڑی بھارت کا بائیکاٹ کیا جائے گا، پاکستان

ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہر کامیاب سیاسی جماعت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کراچی کے میئر کا عہدہ حاصل کرے لیکن اخلاقی اصول کے مطابق سب سے زیادہ اکثریت کرنے والی جماعت اس عہدے کی پہلی دعوے دار ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنی جماعت کے اس مؤقف کو دہرایا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی واحد بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کو ساتھ لے کر چلنے کی خواہش رکھتی ہے کیونکہ کراچی کے عوام نے بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی کے شہریوں کی بہترین ممکنہ خدمت کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں  عوام کو پاسپورٹ اب کتنے دنوں میں ملے گا؟ نئی ہدایت جاری

انہوں نے سٹی میئر کے آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کی پیشکش پر مسلم لیگ ن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کو دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تازہ ترین انتخابات کے بعد کراچی میں پیپلز پارٹی 96 نشستوں کے ساتھ واحد بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ جماعت اسلامی 83 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر رہی، پاکستان تحریک انصاف نے 43 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ،انتخابات میں 8 نشستیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا اگلا میئر صوبائی بلدیاتی قانون میں میئر کے عہدے کے لیے دیے گئے اختیارات کے مطابق کام کرے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوکل گورنمنٹ سیٹ اپ میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کام کرنا ان کی اولین خواہش ہے۔

مزید پڑھیں  بھارتی ریڈیو پریزنٹر امین سیانی انتقال کرگئے

صدر مسلم لیگ (ن) صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے کراچی اور شہر کے دیگر حصوں کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے میرٹ کی بنیاد پر کراچی کے میئر کے لیے امیدوار نامزد کرنے پر اتفاق کیا ہے، امید ہے کہ دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز بھی اس سلسلے میں تعاون فراہم کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سربراہ نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کراچی کی متعدد یونین کمیٹیوں میں حالیہ بلدیاتی انتخابات مشترکہ طور پر لڑے ہیں اور یہ اتحاد صوبے میں آئندہ ضمنی انتخابات اور عام انتخابات میں بھی برقرار رہے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply