کراچی: ایئرپورٹ سگنل کے قریب اتوار کی شب ہونے والے خودکش دھماکے کی تفتیش میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے خودکش بمبار کے شاہ فہد کے قریبی عزیز کو حراست میں لے لیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہہ تفتیشی حکام نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران خودکش بمبار شاہ فہد کے قریبی عزیز کو حراست میں لیا ہے جو کہ خودکش بمبار کا مبینہ سہولت کار بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور شاہ فہد نے حملے سے قبل زیر حراست شخص کے گھر میں قیام کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران دہشت گرد کے بیک اپ پر موجود ایک اور گاڑی کا بھی انکشاف ہوا جبکہ بیک اپ پر موجود گاڑی سے بنائی گئی ویڈیو بھی تفتیشی اداروں کو مل گئی جس میں حملہ آور کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔
دھماکے میں استعمال کی گئی گاڑی کی ویڈیو حملے سے قبل بنائی گئی تھی جبکہ مبینہ ساتھی نے صدر میں قائم ہوٹل میں خودکش حملہ آور سے ہوٹل میں ملاقات بھی کی تھی ۔