اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ، پٹرول کی قیمت میں تین روپے 56پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل دو روپے 62پیسے فی لٹر ، مٹی کا تیل چھ روپے 28پیسے فی لٹر اور لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے ، قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 88روپے 7پیسے فی لٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت98روپے 45پیسے فی لٹر ، مٹی کا تیل 76روپے 46پیسے فی لٹر اور لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 65روپے30پیسے فی لٹر ہوگئی ہے ، وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا اور وزارت توانائی نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے 94پیسے فی لٹر اضافہ تجویز کیا تھا لیکن حکومت نے دو روپے 62پیسے فی لٹر اضافہ کیا ، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ رات 12بجے سے 31مارچ تک کے لیے ہے۔ادھرایف بی آر نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ پٹرول پر 17فیصد اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر ساڑھے 25فیصد سیلزٹیکس برقرار رکھا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل پر سیلزٹیکس سات فیصد سے بڑھا کر 17فیصد اور لائیٹ ڈیزل آئل پر ساڑھے سات فیصد سے بڑھا کر 17فیصد کر دیا گیا ہے ، پٹرولیم مصنوعات پرسیلزٹیکس میں ردوبدل نئی قیمتوں کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔