امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی بغیر تنخواہ کی ملازم بن گئیں، امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں اس بات کا اعلان کیا گیاکہ ایوانکا ٹرمپ نے صدرکی مشیر کے فرائض سنبھال لئے، ایوانکا کا دفتر وائٹ ہاؤس میں بنایا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہم اس بات پر مسرت کا اظہار کرتے ہیں کہ ایوانکا ٹرمپ نے اپنے والد کی حمایت اور مدد کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا۔
خیال رہے کہ ٖڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے ایوانکا وائٹ ہاؤس میں مستقل موجود رہی ہیں جبکہ ایوانکا ہر اہم سرکاری تقریبات اورمصروفیات میں صدرڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ موجود ہوتی ہیں اور خاصی بااثر سمجھی جاتی ہیں۔
ایوانکا کی بطور مشیر تقرری کو مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، مخالفین کو جواب دیتے ہوئے ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے والد کی غیر رسمی مشیر بنیں گی اور اپنی خدمات کا معاوضہ بھی نہیں لیں گی جبکہ وائٹ ہاؤس کے ملازمین پر جو قانون لاگو ہوتے ہیں رضاکارانہ طور پر وہ ان کی بھی پاسداری کریں گی۔
واضح رہے کہ ایوانکا ٹرمپ فیشن کی دنیا میں اپنا نام رکھتی ہیں اور انکو سیاسی عہدوں اور کاموں کا کوئی تجربہ نہیں ہے تاہم انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، یہاں تک کہ صدر اوباما سے ہونے والی ملاقات میں بھی وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس گئی تھی۔
ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کشنر پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر صدارتی مشیر کے عہدے پر فائز ہیں۔